شائع 08 جنوری 2026 10:14pm

بنگلا دیش کا آئی سی سی کو خط: سیکیورٹی خدشات سے متعلق شواہد پیش کردیے

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو لکھے گئے خط میں سیکیورٹی خدشات سے متعلق شواہد پیش کردیے اور میڈیا پرسنز، فینز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سیکیورٹی اور ویزوں کا معاملہ بھی اٹھادیا ہے۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے انتہا پسندوں کے گڑھ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو لکھے گئے تفصیلی خط میں
بی سی بی نے تمام سوالات کا شواہد کے ساتھ جواب دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی بی نے کرکٹ ٹیم کے علاوہ میڈیا پرسنز، فینز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سیکیورٹی اور ویزوں کا معاملہ بھی اٹھایا ہے جب کہ خط میں حکومتی مؤقف اور بیانات کو بھی شواہد کے ساتھ پیش کیا ہے۔

بی سی بی نے بنگلہ دیشی ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات اور حکومتی پالیسی کو دہرایا اور خط میں لکھا کہ بھارت کھیل کے لیے کسی صورت محفوظ ملک نہیں، بھارت میں سیاست سے کھیل تک، سب انتہاپسندوں کے ہاتھوں یرغمال ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دونوں آئی پی ایل ٹیم میں بنگلا دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو شامل کرنے پر شاہ رخ خان کو غدار قرار دیا گیا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے بنگلادیشی کھلاڑی کو ٹیم سے ریلیز کردیا تھا۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق آئی سی سی ان کی درخواست پرغور کررہا ہے، مشیرکھیل آصف نذرل نے واضح کردیا کہ ان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتی ہے لیکن اپنے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔

Read Comments