شائع 08 جنوری 2026 02:58pm

دبئی میں ڈرائیور کے بنا چلنے والی ٹیکسی کا پہلا اجازت نامہ جاری

دبئی نے اسمارٹ ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کے لیے پہلا کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر قائم کر دیا ہے۔ چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’بائیڈو اپولو گو‘ کا یہ جدید سینٹر چین سے باہر اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہے، جو دبئی کی مصنوعی ذہانت اور جدید نقل و حمل میں عالمی قیادت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی آے) کے ڈائریکٹر جنرل اور بورڈ کے چیئرمین مطر الطائر اور بائیڈو کے کارپوریٹ نائب صدر یون پینگ وانگ نے جمعرات کو دبئی سائنس پارک میں واقع دو ہزار مربع میٹر پر مشتمل اس مرکز کا افتتاح کیا۔ حکام کے مطابق کمرشل خودکار ٹیکسی سروسز کا آغاز 2026 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے، جبکہ مرحلہ وار طور پرگاڑیوں کی تعداد کو بڑھا کر ایک ہزار تک کیا جائے گا۔

یہ جدید مرکز خودکار گاڑیوں کی مکمل نگرانی اور آپریشن کے لیے قائم کیا گیا ہے، جس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، سمیولیشن اور تربیتی ہالز، نیز آپریشن اور مینٹیننس سہولیات شامل ہیں۔ یہاں گاڑیوں کی حفاظت کی جانچ، سافٹ ویئر اپڈیٹس، چارجنگ، مرمت اور ہنگامی ردعمل جیسے تمام امور انجام دیے جائیں گے۔

روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بائیڈو اپولو گو کو دبئی کا پہلا مکمل خودکار ڈرائیونگ ٹرائل پرمٹ بھی جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مخصوص عوامی سڑکوں پر بغیر کسی سیفٹی ڈرائیور کے گاڑیاں چلائی جا سکیں گی۔ یہ اقدام دبئی میں خودکار ٹرانسپورٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت مارچ 2025 میں آر ٹی اے اور بائیڈو کے درمیان طے پانے والے ایک مفاہمتی معاہدے کا تسلسل ہے۔ جولائی 2025 میں پہلا خودکار ڈرائیونگ ٹرائل پرمٹ جاری کیا گیا، جس کے بعد اگست میں 50 خودکار ’آر ٹی 6‘ گاڑیوں کے آزمائشی سفر کا آغاز ہوا۔

افتتاح کے موقع پر مطر الطائر نے کہا کہ یہ مرکز دبئی کے اسمارٹ موبیلٹی سفر میں ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”چین سے باہر اپولو گو کا پہلا آپریشن سینٹر دبئی میں قائم ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی کمپنیاں دبئی کے جدید قوانین، اسمارٹ انفراسٹرکچر اور محفوظ ماحول پر مکمل اعتماد رکھتی ہیں۔“

انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ڈرائیور آزمائشی اجازت نامہ دبئی کے قانون سازی نظام کی لچک اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز سے ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے۔

دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق بائیڈو کے ساتھ شراکت داری کا مقصد مستقبل کی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا، سڑکوں کی حفاظت بہتر بنانا، کاربن کے اخراج میں کمی لانا اور شہری نقل و حمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

بائیڈو حکام کا کہنا ہے کہ دبئی کا معاون قانونی فریم ورک اور جدید انفراسٹرکچر ’اپولو گو‘ کی عالمی توسیع میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یون پینگ وانگ نے کہا، ”دبئی کی جانب سے پہلا ڈرائیور لیس پرمٹ ملنا ہمارے لیے اعزاز ہے اور یہ خطے میں ہمارے طویل المدتی عزم کا ثبوت ہے۔“

اپولو گو اب تک 240 ملین کلومیٹر سے زائد خودکار ڈرائیونگ مکمل کر چکا ہے، جن میں 140 ملین کلومیٹر مکمل طور پر بغیر ڈرائیور کے شامل ہیں۔ کمپنی دنیا کے 22 شہروں میں کام کر رہی ہے اور اکتوبر 2025 تک 17 ملین سے زائد رائیڈز مکمل کر چکی ہے۔

Read Comments