اپ ڈیٹ 13 جنوری 2026 01:44pm

وزٹ ویزہ پر پاکستان آ کر شادی کرنے والی بھارتی خاتون دارالامان منتقل

لاہور آکر پاکستانی شہری سے شادی کرنے والی بھارتی شہری سربجیت کور عرف نور فاطمہ کا دارالامان میں طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں صحت مند قرار دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے واہگہ بارڈر سے بھارت منتقلی کے لیے ابھی تک کوئی ایگزٹ پرمٹ یا خصوصی اجازت نامہ جاری نہیں کیا، جس کی وجہ سے 5 جنوری 2026 کو ان کی بھارت واپسی ممکن نہ ہو سکی۔

اس ضمن میں سربجیت کور کے وکیل، ایڈووکیٹ علی چنگیزی سندھو نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے سربجیت کور پر عائد جرمانہ ادا کر دیا ہے اور قانون کے تحت بعض حالات میں واہگہ بارڈر سے خصوصی اجازت نامے پر منتقلی ممکن ہے، تاہم اس بار اجازت نامہ جاری نہ ہونے کی وجہ سے انہیں دارالامان منتقل کیا گیا۔

سربجیت کور چار نومبر کو سکھ یاتریوں کے ایک جتھے کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں تاکہ گرو نانک دیو کے 555ویں جنم دن کی تقریب پراکاش پرَو میں شرکت کر سکیں۔ ان کا ویزا 13 نومبر تک کارآمد تھا، لیکن ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود وہ واپس بھارت نہیں گئیں اور اسی دوران ننکانہ صاحب کے رہائشی ناصر حسین سے شادی کر لی۔

پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تصدیق کی کہ سربجیت کور اور ناصر حسین کو ننکانہ صاحب کے گاؤں پہرے والی سے حراست میں لیا گیا تھا۔ ناصر حسین کے خلاف ملکی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ نومبر 2025 میں لاہور ہائی کورٹ میں بھارتی سکھ یاتری سربجیت کور (نور بی بی) کو ہراساں کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی تھی۔

جسٹس فاروق حیدر نے نور بی بی اور ان کے شوہر ناصر حسین کو ہراسانی سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ کسی بھی قسم کے ہراسانی اقدامات نہ کیے جائیں، کیونکہ سربجیت کور نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا اور نکاح کیا ہے۔

سربجیت کور 52 سالہ ہیں اور پنجاب کے ضلع کپورتھلہ کی رہائشی ہیں۔ وہ 4 نومبر کو دیگر 1,992 سکھ زائرین کے ساتھ واہگہ-اٹاری بارڈر کراس کر کے پاکستان آئی تھیں۔ تقریباً دس دن بعد دیگر زائرین واپس بھارت لوٹے، لیکن سربجیت کور واپس نہیں گئیں۔

پاکستان میں قیام کے دوران سامنے آئے نکاح نامے کے مطابق انہوں نے اسلام قبول کرکے اپنا نام ”نور“ رکھا اور شیخوپورہ کے رہائشی ناصر حسین سے شادی کر لی۔ ب

بھارتی میڈیا کے مطابق سربجیت کور پہلے سے طلاق یافتہ تھیں اور ان کے دو بیٹے ہیں، جن کے والد کرنائل سنگھ ہیں اور وہ گزشتہ تین دہائیوں سے انگلینڈ میں مقیم ہیں۔

Read Comments