اپ ڈیٹ 03 جنوری 2026 12:30pm

ظہران ممدانی پاکستانی خاتون کی بات سن کر آبدیدہ ہوگئے

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی ایک جذباتی ملاقات کے دوران اس وقت آبدیدہ ہوگئے جب لاہور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون ثمینہ نے ان کی قیادت، ہمدردی اور انسانی رویّے کو بھرپور انداز میں سراہا۔ یہ ملاقات میئر کے خصوصی عوامی سیشن ”دی میئر اِز لسٹننگ“ کے تحت ایک نجی نشست میں ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق خاتون ثمینہ، جو اصل میں لاہور پاکستان سے تعلق رکھتی ہیں، نے میئر ظہران ممدانی کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے دور میں جب دنیا میں اختلاف اور تقسیم بڑھ رہی ہے، آپ نے لوگوں کے دلوں میں نرمی، اتحاد اور امید پیدا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی ہمدردانہ قیادت نے نیویارک کے شہریوں میں دوبارہ مثبت سوچ اور اعتماد بحال کیا ہے۔

ملاقات کے دوران ثمینہ نے میئر سے سوال کیا کہ کیا وہ اردو جانتے ہیں؟ اس پر زہران ممدانی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ اردو بول سکتے ہیں، اگرچہ اردو پڑھنے پر عبور نہیں رکھتے۔

انہوں نے پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ایک نہایت خوبصورت شہر ہے اور وہ خود بھی ایک مرتبہ لاہور کا دورہ کرچکے ہیں۔

گفتگو کے اختتام پر خاتون ثمینہ نے میئر سے کہا کہ ”آپ کی آنکھوں میں جو سچائی اور خلوص ہے، وہ کسی صورت چھپ نہیں سکتی۔“ اس جملے نے فضا کو مزید جذباتی بنا دیا اور یہی بات سن کر میئر ظہران ممدانی کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

یہ ملاقات نہ صرف ثقافتی قربت اور باہمی احترام کی عکاس بنی بلکہ انسانی ہمدردی اور قیادت کے ایک یادگار لمحے کے طور پر بھی سامنے آئی، جسے سوشل میڈیا پر بھی بہت سراہا جارہا ہے۔

Read Comments