شائع 02 جنوری 2026 07:33pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقی اسکواڈ کا اعلان، کئی بڑے نام ٹیم سے باہر

جنوبی افریقا نے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے 15 رکنی مضبوط اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جب کہ فاسٹ بولر کگیسو رباڈا جو پسلی کی انجری کے باعث تقریباً 10 ہفتے کرکٹ سے دور رہے، ان کی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد کگیسو رباڈا نے کرکٹ کے میدان میں واپسی کرتے ہی جنوبی افریقا کے بولنگ اٹیک کی کمان سنبھال لی ہے جب کہ انہوں نے جنوبی افریقی لیگ ایس اے 20 میں ایم آئی کیپ ٹاؤن کے لیے 48 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقا کے اسکواڈ میں کگیسو رباڈا کے ساتھ اینرج نورٹجے، مارکو یانسن، کوربن بوش، لونگی نگیڈی اور کوینا مافاکا کو شامل کیا گیا ہے۔ مافاکا اور بوش سمیت 7 کھلاڑی پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے، جن میں بیٹرز دیوالڈ بریوس، ٹونی ڈی زورزی، جیسن اسمتھ اور آل راؤنڈرز جارج لنڈے اور ڈونووان فریرا بھی شامل ہیں۔

ٹیم کی قیادت مستقل ٹی 20 کپتان ایڈن مارکرم کریں گے جب کہ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے والے اسکواڈ کے صرف 7 کھلاڑی اس بار ٹیم کا حصہ ہیں۔

کوئنٹن ڈی کاک اکتوبر میں دستیابی ظاہر کرنے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں جب کہ ڈیوڈ ملر، کیشو مہاراج، مارکو یانسن اور اینرچ نورٹجے بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں ہینرک کلاسن (ریٹائر)، ریزا ہینڈرکس، ریان رکیلٹن، ٹرسٹن اسٹبس، اوٹنیل بارٹمین، جیرالڈ کوٹزی، بیورن فورچوئن اور تبریز شمسی شامل ہیں۔

سلیکشن کنوینر پیٹرک مورونی کے مطابق سلیکشن کے دوران سخت فیصلے کرنا پڑے تاہم منتخب اسکواڈ کو بھارت اور سری لنکا کی کنڈیشن میں کامیابی کا بھرپور موقع حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ باصلاحیت نوجوان بھی شامل کیے گئے ہیں۔

اسپن ڈیپارٹمنٹ میں جنوبی افریقا نے کیشو مہاراج اور جارج لنڈے پر اعتماد برقرار رکھا ہے جب کہ ایڈن مارکرم اور ڈونووان فریرا آف اسپن کے آپشن ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آل فارمیٹ کوچ شکری کونراڈ کے تحت پہلا وائٹ بال ایونٹ ہوگا، جنوبی افریقا کی ٹیم اس وقت ایس اے 20 میں مصروف ہے، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر بھارت روانہ ہوگی۔ جنوبی افریقہ اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز 9 فروری کو کینیڈا کے خلاف کرے گا اور گروپ مرحلے میں افغانستان، نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات سے بھی مقابلہ ہوگا۔

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

جنوبی افریقا کی ٹیم میں ایڈن مارکرم (کپتان)، کوربن بوش، دیوالڈ بریوس، کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر)، ٹونی ڈی زورزی، ڈونووان فریرا، مارکو یانسن، جارج لنڈے، کیشو مہاراج، کوینا مافاکا، ڈیوڈ ملر، لونگی نگیڈی، اینرخ نورٹجے، کاگیسو راباڈا اور جیسن اسمتھ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہوگا، جس کا فائنل 18 مارچ کو کھیلا جائے گا جب کہ جنوبی افریقا ایونٹ کے گروپ ڈی  میں شامل ہے۔

Read Comments