’ہمارے بچے بڑے نہیں ہوتے‘، غزہ کے بچے کی ویڈیو نے جیکی چن کو رُلا دیا
مشہور ہالی وڈ اداکار جیکی چین بھی غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے پیدا ہونے والے المیے پر دل گرفتہ ہو گئے۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری ظالمانہ کارروائیوں کے دوران معصوم بچے اور خواتین شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
روزانہ کے حملوں اوربمباری کی وجہ سے علاقے کے بچوں کی زندگی خطرے میں ہے اور عالمی میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر اموات اور تباہی کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جو دیکھنے والوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر رہی ہیں۔
غزہ میں بچوں کی یہ تکلیف دہ صورتحال دنیا بھر کی توجہ کی متقاضی ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز لوگوں کے دلوں کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔
حال ہی میں معروف ہالی وڈ اداکار جیکی چن نے غزہ کے ایک فلسطینی بچے کی ویڈیو دیکھی تو وہ جذباتی ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر جیکی چن کی وائرل ویڈیوزمیں انہوں نے غزہ کے بچوں کی مشکلات پر اپنے دل کی بات شیئر کی۔
جیکی چن نے کہا کہ میں نے ایک فلسطینی بچے سے ویڈیو میں پوچھا کہ بڑے ہو کر کیا بنو گے، جس پر بچے نے جواب دیا: ”ہمارے علاقے کے بچے بڑے نہیں ہوتے“۔
اس جواب پر اداکار کے جذباتی ردعمل کو ان کے چہرے کے تاثرات سے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
جیکی چن نے کہا کہ بچے کا جواب سن کر میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز بمباری کی زندگی یہ دکھاتی ہے کہ بڑھنا ایک نعمت ہے اوروہ ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو بچپن سے بڑھاپے تک پہنچ پاتے ہیں۔
جیکی چن کے اس ردعمل نے عالمی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ غزہ کےمعصوم بچوں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے۔