اسرائیل کا غزہ میں 36 امدادی اداروں کو کام بند کرنے کا حکم
اسرائیل نے جنگ سے متاثرہ غزہ میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے والے 36 بین الاقوامی اداروں کو وارننگ جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جب تک وہ نئے قوانین کے تحت عائد شرائط پوری نہیں کریں گے، انہیں علاقے میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسرائیلی حکام کے مطابق غزہ میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) نئے قواعد کی تعمیل کیے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکتیں۔
ان اداروں میں ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز، نارویجن ریفیوجی کونسل، کیئر انٹرنیشنل، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی، آکسفیم اور کیریٹس جیسے بڑے خیراتی ادارے بھی شامل ہیں، جو غزہ میں متاثرہ اور بھوک کے شکار شہریوں کو امداد فراہم کر رہے ہیں۔
اسرائیل کے نئے قوانین کے تحت ان اداروں کو فنڈنگ کے ذرائع، ملازمین کے ڈیٹا اور دیگر تفصیلی معلومات فراہم کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شرائط پوری نہ کرنے کی صورت میں ان تنظیموں کو غزہ میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔