سندھ: گاڑیوں کے انشورنس پر سیلز ٹیکس کم، حادثات پر معاوضہ ملے گا
سندھ کابینہ نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کرتے ہوئے صوبے میں تھرڈ پارٹی انشورنس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے انشورنس پر سیلز ٹیکس 15 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ نے تھرڈ پارٹی انشورنس کے نفاذ کے لیے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی۔
فیصلے کے مطابق انشورنس پر سیلز ٹیکس کو 15 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کر دیا گیا، جبکہ سڑک حادثات میں متاثرہ فریق کو معاوضے کا قانونی حق حاصل ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انشورنس کلیمز کے لیے 24 گھنٹے کی ہیلپ لائن قائم کی جائے، تاکہ شہریوں کو فوری رہنمائی اور سہولت میسر ہو۔
اجلاس میں بین الصوبائی اور وفاقی امور میں رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سی سی آئی سے متعلق امور آئی پی سی ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں دانش اسکول کے لیے زمین الاٹ کرنے کی بھی منظوری دی۔
مزید برآں، سندھ کابینہ نے سندھ لینڈ ریونیو ایکٹ ترمیمی بل 2025 منظور کر لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور ای ٹرانسفر آف ٹائٹل سسٹم نافذ ہوجائے گا، جس سے زمینوں کے معاملات میں شفافیت اور سہولت بڑھے گی۔