این اے 130: نواز شریف کی کامیابی درست قرار، یاسمین راشد کی درخواست خارج
الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو درست قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصافپی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست مسترد کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف کی اسیر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے ن لیگ کے سربراہ نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا، جس پر آج الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے فیصلہ سنایا۔
الیکشن ٹربیونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کرتے ہوئے این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹی فکیشن درست قرار دے دیا۔
سماعت کے دوران نواز شریف کی نمائندگی بیرسٹر اسداللہ چٹھہ نے کی اور عدالت میں دلائل پیش کیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 پر نواز شریف نے ایک لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے والی یاسمین راشد نے ایک لاکھ 15 ہزار 43 ووٹ لیے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔