شائع 30 دسمبر 2025 02:58pm

سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی، فی تولہ تقریباً 11 ہزار روپے سستا

ملک میں سونے کی مقامی اور عالمی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سونا خریداروں کے لیے نسبتاً سستا ہو گیا ہے۔

منگل کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 700 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 59 ہزار 462 روپے پر آ گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 174 روپے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے اور نئی قیمت 3 لاکھ 93 ہزار 914 روپے مقرر کی گئی ہے۔

صرافہ مارکیٹ کے مطابق یہ کمی ایک ہی دن میں ریکارڈ کی گئی، جسے حالیہ عرصے کی بڑی کمیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ عالمی منڈی میں سونا 107 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 371 ڈالر فی اونس پر آ گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا اثر براہ راست مقامی صرافہ بازار پر پڑتا ہے، جس کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے مارکیٹ میں خریداروں کی دلچسپی بڑھنے کا امکان ہے، تاہم وہ اس بات کا بھی انتظار کر رہے ہیں کہ آیا یہ کمی برقرار رہتی ہے یا آئندہ دنوں میں قیمتوں میں دوبارہ اتار چڑھاؤ آتا ہے۔

سونے کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث سونا عام صارف کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا تھا۔

Read Comments