اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2025 09:01pm

سہیل آفریدی کا دورۂ پنجاب پر ناروا سلوک کا شکوہ: خواجہ آصف نے جواب دے دیا

وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے دورۂ پنجاب کے دوران ناروا سلوک کے شکوؤں پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آفریدی صاحب جب آپ کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پر حملہ ہوتا ہے اور بار بار ہوتا ہے، اس وقت بھی آئینی عہدوں اور بین الصوبائی عزت خراب ہورہی ہوتی ہے۔

پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے پنجاب حکومت سے گلے شکوے پر زبر دست رد عمل دیا ہے۔

خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی صاحب! جب آپ کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پر حملہ ہوتا ہے اور بار بار ہوتا ہے۔ آپ کی پارٹی کی قیادت بشمول آپ کے پاکستان کی وحدت پر حملہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے کارکنان آپ کی قیادت کی آشیر باد سے انتہائی گندی زبان سوشل میڈیا پر استعمال کرتے ہیں، ان سب چیزوں سے اس وقت بھی آئینی عہدوں اور بین الصوبائی عزت خراب ہورہی ہوتی ہے۔

وزیر دفاع نے سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آئیں سب مل کر اس کی مذمت اور سدباب کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دورہ پنجاب کے بعد حکومت کی جانب سے ناروا سلوک کا شکوہ کیا تھا۔

Read Comments