پنجاب: بسنت سے قبل دو افراد گردن پر ڈور پھرنے سے شدید زخمی
لاہور میں بسنت کے موقع پر مختلف حادثات میں دو افراد گردن پر ڈور لگنے کے باعث زخمی ہو گئے۔ قصور سے تعلق رکھنے والی دو سالہ زینب فاطمہ کو گردن میں ڈور لگنے کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ لاہور کے گرین ٹاؤن میں نوجوان اویس کی گردن پر بھی ڈور کے زخم آئے۔
جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق دو سالہ زینب فاطمہ تشویشناک حالت میں اسپتال لائی گئی تھی، تاہم اب وہ خطرے سے باہر ہے اور اسے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جناح اسپتال میں زینب فاطمہ کی گلے کی سرجری کردی گئی ہے۔ پروفیسر طیبہ نے کہا کہ زینب کے گلے میں زخم تھے، جناح اسپتال کی ایس 3 یونٹ نے آپریشن کیا۔
پروفیسر کے مطابق زینب کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور انہیں پلاسٹک سرجری ڈیپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں بھی اویس نامی نوجوان گردن پر پتنگ کی ڈور سے زخمی ہوگیا۔
جناح اسپتال کی جانب سے جاری میڈیکل رپورٹ کے مطابق اویس کی گردن پر تیز دھاگے سے کٹ لگنے کے باعث ٹانکے لگائے گئے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مریض کے سروائیکل اسپائن کے ایکسرے کیے گئے ہیں اور اس کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
اسپتال انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بسنت کے دوران احتیاط برتی جائے تاکہ ڈور اور دیگر خطرناک اشیاء سے حادثات سے بچا جا سکے۔
دونوں زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نگرانی کے بعد دونوں کی حالت میں مزید بہتری متوقع ہے۔