شائع 29 دسمبر 2025 10:20am

سال کا آخری ہفتہ، 100 انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار سے اوپر پہنچ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سال کے آخری ہفتے کا آغاز زبردست کاروبار کے ساتھ ہوا۔ پیر کی صبح کاروباری سیشن کے ابتدائی منٹوں میں کے ایس ای-100 انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار کی سطح سے اوپر پہنچ گیا۔

صبح 9 بج کر 35 منٹ پر انڈیکس ایک لاکھ 73 ہزار 808 اعشاریہ 99 پوائنٹس پر تھا، جو پچھلے سیشن کے مقابلے میں 1 ہزار 408 اعشاریہ 26 پوائنٹس یا 0.82 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

اس کے کچھ دیر بعد 1900 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ تیزی مختلف اہم شعبوں میں خریداری کے رجحان کی وجہ سے آئی، جن میں گاڑیوں کے اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریز شامل ہیں۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ ”Pakistan Investment Strategy 2026: The Equity Edge Continues“ کے مطابق 2026 میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ بہترین کارکردگی دکھانے والی ایسیٹ کلاس کے طور پر ابھر سکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی استحکام میں بہتری، مہنگائی میں کمی اور گھریلو لیکویڈیٹی کے برقرار رہنے سے مارکیٹ کو مضبوط سہارا ملے گا۔

گزشتہ ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ نے تاریخی کارکردگی دکھائی، جہاں 100 انڈیکس ریکارڈ بریکنگ ریلی کے ساتھ ایک لاکھ 72 ہزار 400 اعشاریہ 73 پوائنٹس پر بند ہوا، جو ہفتہ وار بنیاد پر 0.6 فیصد کے اضافے کا عندیہ دیتا ہے۔

Read Comments