شائع 28 دسمبر 2025 05:39pm

یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نے اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل اسمارٹ سٹی بنانے کا جامع پلان طلب کرلیا جب کہ انہوں نے یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اتوار کو وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کا سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیجیٹل وال پر شہر کی مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امن عامہ کے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ کنٹرول روم میں سپیشل چائنیز ڈیسک پر سیکورٹی سرویلنس کا معائنہ بھی کیا گیا۔

بعدازاں وزیر داخلہ کی زیر صدارت سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیرداخلہ نے کیپٹل اسمارٹ سٹی پر کام تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ‎‎کیپٹل اسمارٹ سٹی میں شہری سہولیات جیسے ریسکیو 1122، ٹریفک، سیکورٹی اورسی ڈی ایم اے کو مرکزی نظام میں ضم کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ یکم جنوری سےاسلام آباد میں بغیرایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، کیپٹل اسمارٹ سٹی کے اسکوپ اوردائرہ کار کو پورے ملک تک بڑھایا جائے گا اور اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے کیپٹل اسمارٹ سٹی منصوبے کو ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا

موٹر وے ٹول ٹیکس میں بھاری ڈسکاؤنٹ پانا چاہتے ہیں تو یہ جان لیں

محسن نقوی نے کہا کہ سیف سٹی میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آئی جی اسلام آباد پولیس نے سیف سٹی سے کیپٹل سمارٹ سٹی منتقلی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ محرم الحرام میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے وقت اور وسائل کی بچت ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

دوسری جانب ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے احکامات پر بغیر یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو داخلہ روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ڈی سی اسلام آباد نے تمام ایم ٹیگ پوائنٹس پر پراسسنگ تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ شہر بھر میں ایم ٹیگ کے لیے مختلف مقامات پر 16 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، 14 نومبر سے اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ کے قریب گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے گئے ہیں، بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی ٹیگ ریڈرز کی مدد سے نشاندہی کی جائے گی۔

عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ ٹیگ ریڈرز کو مختلف انٹری پوائنٹس اور ناکہ جات پر انسٹال کیا گیا ہے، یکم جنوری سے ٹیگ ریڈرز فعال ہوتے ہی بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں شروع ہو جائیں گی، شہری کسی بھی قانونی مشکل سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑی کو ایم ٹیگ لگوائیں۔

Read Comments