شائع 28 دسمبر 2025 08:59am

افغانستان: نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کا 3 طالبان اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

افغانستان کے صوبے بغلان میں نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) اور افغان طالبان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جہاں این آر ایف نے طالبان کے تین اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

این آر ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بغلان کے ضلع نہرین میں افغان طالبان نے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا، جس کے بعد این آر ایف کے جنگجوؤں نے جوابی کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین طالبان جنگجو مارے گئے، جب کہ شدید مزاحمت کے باعث طالبان فورسز کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

دوسری جانب صوبہ پنجشیر میں بھی نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے طالبان کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔

این آر ایف کے مطابق پنجشیر میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران طالبان کے چیف آف اسٹاف سمیت مجموعی طور پر 17 ارکان ہلاک ہوئے۔ بیان میں مزید الزام عائد کیا گیا کہ طالبان فورسز نے فائرنگ کر کے ایک مقامی چرواہے کو بھی ہلاک کر دیا۔

نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے دونوں واقعات کو طالبان کے خلاف اپنی مزاحمتی کارروائیوں کا حصہ قرار دیا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

تاحال افغان طالبان کی جانب سے بغلان اور پنجشیر میں پیش آنے والے ان واقعات پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ صورتحال کے باعث متعلقہ علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔

Read Comments