بھارت کے تمام جہاز گراسکتے تھے لیکن ہم نے تھوڑا رحم کیا: صدرِ مملکت آصف زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت شکر کرے کہ ہم نے اس پر رحم کیا ورنہ ہم مزید جہاز بھی گرا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو اب پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، پھر سے جنگ مسلط کی گئی تو ہم تیار ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہنے والے چار دن جنگ نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو اب پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، بھارت شکر کرے کہ ہم نے لحاظ کیا ورنہ ہم ان کے سارے جہاز گراسکتے تھے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ آج شہید بینظیر بھٹو کی شہادت اور پاکستان کو بچانے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ہی دن پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا گیا۔ یہ نعرہ بی بی شہید کا نعرہ تھا، کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو یاد رکھے یہاں زرداری بیٹھا ہے، یہاں پیپلز پارٹی اور جیالے موجود ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بےشک بھارت بڑی طاقت ہے لیکن وہ پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل جیسا دل گردہ کہاں سے لائے گا؟
انہوں نے کہا کہ جب مئی میں جنگ شروع ہوئی تو ملٹری سیکریٹری ان کے پاس آئے اور کہا کہ ”جنگ شروع ہوگئی ہے، سر! بنکر میں چلے جائیں“، میں نے اپنے انہیں کہا کہ ”لیڈر بنکرز میں نہیں میدان میں مرتے ہیں“۔
صدر مملکت آصف زرداری نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بیوقوف آدمی نے پاکستان کی معیشت کو تباہ اور ساری دنیا سے تعلقات خراب کردیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ڈونلڈ ٹرمپ بھی ہمارے فیلڈ مارشل کی تعریف کرتا ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھرتی ماں کو کبھی بھی ضرورت پڑی تو ہم جان و مال سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن کوئی گریبان میں ہاتھ ڈالے گا تو ’دھوبی پٹکا‘ ماریں گے۔