اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2025 05:29pm

پاکستان معاشی قوت بن کر اُمّتِ مسلمہ کی قیادت کرے گا: اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سال 2025 میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے۔ پاکستان معاشی قوت بن کر مسلم اُمّہ کی قیادت کرے گا. انہوں نے کہا کہ بھارت کو عبرت ناک شکست دینے کے بعد عالمی سطح پرپاکستان کوبھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کا حالیہ دورۂ پاکستان نہایت خوش آئند رہا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یو اے ای صدر کے دورے کے دوران دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی، یہ دورہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان متعدد تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان معاہدوں میں توانائی، بینکنگ اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے شامل ہیں، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دیں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کے خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے جو حکومت کی متوازن اور مؤثر خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان معاشی قوت بن کر مسلم اُمہ کی قیادت کرے گا۔

بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے بھارت کے سات طیارے مار گرائے اور پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت یہ حقیقت تسلیم کرے کہ سندھ طاس معاہدہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے، جبکہ بھارت کے حملے کے بعد پاکستان کو جواب دینے کا پورا حق حاصل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دفاع کے لیے پاکستان نے اتنا ہی اقدام کیا جتنا ضروری تھا، تاہم اگر حالات کا تقاضا ہوتا تو جواب اس سے بھی سخت دیا جاتا۔

نائب وزیراعظم نے نور خان ایئربیس پر حملے کو بھارت کی ایک بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی اپناتے ہوئے دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان نتہائی کا شکار تھا، پاکستان عالمی سطح پر تنہا نہیں ہے، چین، سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان کی معاونت کی ہے۔

خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں برس بنگلہ دیش میں جمود ٹوٹا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے دورے کے دوران پاکستانی وفد نے بنگلہ دیشی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 36 گھنٹے کے اس دورے میں بنگلہ دیش میں پاکستان کے لیے بہتر فضا نظر آئی۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں انتخابات کے بعد نئی حکومت کے ساتھ بھرپور روابط قائم کیے جائیں گے۔ نائب وزیراعظم کے مطابق سری لنکا اور نیپال کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بھی رواں برس نہایت اچھے رہے ہیں، جو خطے میں پاکستان کی فعال سفارت کاری کا مظہر ہیں۔

Read Comments