بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں میں دہشت گردوں کے کواڈ کاپٹر حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ 19 افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے نافذ کیے گئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن پر مکمل عزم کے ساتھ عمل پیرا ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی یہ مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں 5 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عزم استحکام میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
لکی مروت میں جھڑپ میں ایک شخص جاں بحق، 5 دہشت گرد ہلاک
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانہ سرائے نورنگ کی حدود تختی خیل میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔
اس دوران دہشت گردوں نے کواڈ کاپٹر سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار عمر خان سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں 6 دہشت گرد ہلاک مارے گئے۔
ایم ایس ڈاکٹر اسحاق خان کے مطابق زخمیوں میں 5 بچے، ایک خاتون اور 3 پولیس اہلکار شامل ہیں جب کہ 2 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں مزید علاج کے لیے بنوں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف مقابلہ تاحال جاری ہے، شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں بنوں اور لکی مروت پولیس حصہ لے رہی ہے۔ عسکریت پسندوں نے پولیس کی مزید بکتر بند گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جب کہ بنوں سے مزید بکتر بند گاڑیوں موقع پر پہنچ گئیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے حملے کی مذمت کی اور حملے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔
وزیرداخلہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور جوابی کارروائی میں 5 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کی ستائش بھی کی۔
محسن نقوی نے پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔