پی ایس بی کا بڑا ایکشن: پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی اہم شخصیات پر پابندی عائد
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے مالی بے ضابطگیوں اور مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے فیڈریشن کی اہم شخصیات پر پابندی عائد کر دی۔
پی ایس بی کے مطابق پابندی کی زد میں آنے والوں میں سابق صدر مدثر آرائیں اور سیکرٹری جنرل گوہر رضا شامل ہیں جب کہ قرۃالعین، تنویر احمد، محمد ریاض اور سہیل احمد کو بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ پابندی عائد کیے گئے تمام عہدیداران کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہر قسم کی اسپورٹس سرگرمیوں میں شرکت، نمائندگی اور وابستگی سے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
پی ایس بی نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سات دن کے اندر مکمل اور اصل مالی ریکارڈ جمع کرائے۔ اس دوران مالی سال 2022 اور 2023 کے لیے جاری کیے گئے 65 ملین روپے کے فنڈز کے استعمال کا مکمل حساب بھی طلب کیا گیا تھا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق بارہا مہلت کے باوجود مطلوبہ مالی ریکارڈ فراہم نہ کیا جانا سنگین خلاف ورزی ہے، جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔