کراچی میں 2025 کے دوران خودکشی کے 155 واقعات رپورٹ
سال 2025 کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں سے 155 افراد کی خودکشی کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سب سے زیادہ واقعات ماہِ ستمبر میں سامنے آئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق زیادہ تر افراد معاشی اور گھریلو مسائل کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں 2025 کے دوران گھروں سے 155 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جن کے بارے میں پولیس نے انہیں خودکشی کے واقعات قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں 124 مرد، 30 خواتین اور ایک خواجہ سرا شامل تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 4، فروری میں 12، مارچ میں 15 اور اپریل میں 17 افراد نے زندگی کا خاتمہ کیا۔
مئی میں 17، جون میں 14، جولائی میں 10 اور اگست میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ستمبر میں سب سے زیادہ 21 واقعات سامنے آئے، جبکہ اکتوبر میں 17، نومبر میں 11 اور دسمبر میں 8 افراد کی خودکشی کے واقعات ریکارڈ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والوں کی بڑی تعداد بے روزگاری، قرضوں کے بوجھ اور گھریلو ناچاقی جیسے مسائل کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا تھی۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے واقعات معاشرتی و معاشی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور حکومتی و سماجی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔