شائع 26 دسمبر 2025 11:19am

’بھاڑ میں جا‘، سیلفی نہ لینے پر مداح کی ہاردک پانڈیا سے بدتمیزی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے ایک مداح نے سیلفی سے انکار پر چند نازیبا الفاظ کہے، مگر ہاردک نے نہایت تحمل اور وقار کے ساتھ ردِعمل دینے سے گریز کیا۔

یہ واقعہ کرسمس کے موقع پر پیش آیا، جب ہاردک پانڈیا اپنی گرل فرینڈ ماہیکا شرما کے ہمراہ ایک ریسٹورنٹ سے باہر نکل رہے تھے تو مداحوں کے ہجوم نے انہیں سیلفی لینے کے لیے گھیر لیا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاردک پہلے ماہیکا کو احتیاط سے گاڑی میں بٹھاتے ہیں، اس کے بعد وہ چند مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لیے رک جاتے ہیں۔

تاہم، جب ہاردک وہاں سے روانہ ہونے لگے تو کچھ مداح مزید سیلفیز کی ضد کرنے لگے۔ اس موقع پر ہاردک نے قدرے سخت مگر شائستہ انداز میں کہا،
’تصاویر لے تولی ہیں، اور کتنی چاہئیں؟‘

اسی دوران ایک مداح نے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا، ’بھاڑ میں جا۔‘

حیرانی کی بات یہ ہے کہ ہاردک پانڈیا نے اس توہین آمیز جملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور خاموشی سے وہاں سے روانہ ہو گئے، جس پر سوشل میڈیا صارفین ان کے صبر اور پیشہ ورانہ رویے کی تعریف کر رہے ہیں۔

کئی صارفین کا کہنا ہے کہ ہاردک نے ثابت کر دیا کہ اصل اسٹار وہی ہوتا ہے جو اشتعال میں بھی خود پر قابو رکھے۔

واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔ سوریاکمار یادو کی قیادت میں بھارت نے یہ سیریز 3-1 سے اپنے نام کی۔

ہاردک پانڈیا تین اننگز میں 142 رنز کے ساتھ سیریز کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔

Read Comments