شائع 26 دسمبر 2025 10:21am

جعلی سفری دستاویزات پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش ناکام، 4 مسافر گرفتار

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے چار مسافروں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران چار مسافروں محمد عمران، میاں توصیف، سلطان افضل اور عبدالرحمان کو مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر روکا گیا۔ جانچ پڑتال کے دوران مسافروں کی جانب سے پیش کیے گئے نیوزی لینڈ کے ورک ویزے جعلی نکلے۔

حکام کے مطابق چاروں مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے ورک ویزے پر نیوزی لینڈ جانا چاہتے تھے، تاہم سفری دستاویزات کی تصدیق کے دوران ویزوں کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا جس کے بعد مسافروں کو فوری طور پر آف لوڈ کر دیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافروں کا تعلق اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سے ہے۔

ابتدائی تفتیش کے بعد چاروں مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مسافر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ جعلی ویزوں کی تیاری اور اس نیٹ ورک میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔

Read Comments