شائع 26 دسمبر 2025 09:45am

پشاور: لین دین کے معاملے پر داماد کی فائرنگ سے سُسر اور سالا قتل

پشاور کے علاقے تھانہ رحمان بابا کی حدود میں رقم کے لین دین کے تنازع پر داماد نے فائرنگ کر کے اپنے سسر اور سالے کو قتل کر دیا، جبکہ مقتول کا دوسرا بیٹا بال بال بچ گیا۔

پولیس کے مطابق پشاور میں تھانہ رحمان بابا کی حدود گڑھی حیات خان میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں داماد امجد نے تکرار کے بعد فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کا سسر جاوید اور سالا سلمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ مقتول جاوید کا دوسرا بیٹا سلمان بال بال بچ گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم امجد کا مقتول سلمان کے ساتھ رقم کے لین دین کا تنازع تھا، جو جھگڑے کی صورت اختیار کر گیا اور بات فائرنگ تک جا پہنچی۔

پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق مردان سے بتایا جا رہا ہے جو گڑھی حیات خان پشاور میں مقیم تھے۔

واقعے کے بعد ملزم امجد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم امجد گجر آباد پھندو پشاور کا رہائشی ہے۔

پولیس نے مدعی شہزاد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Read Comments