شائع 25 دسمبر 2025 11:56pm

ترکیہ: نئے سال پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 115 مشتبہ داعش ارکان گرفتار

ترکیہ نے کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ممکنہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ترک حکام کے مطابق داعش سے تعلق رکھنے والے 115 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

ترک حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کو نشانہ بنانے کے ایک بڑے دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں 124 مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے گئے۔ جس کے نتیجے میں اسلحہ، گولہ بارود اور اہم تنظیمی دستاویزات برآمد کرلی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے حمایت یافتہ عناصر نے ترکیہ کے مختلف شہروں میں حملوں کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور ان کا ہدف بالخصوص غیر مسلم آبادی تھی۔

ان کارروائیوں کے دوران مطلوب 137 میں سے 115 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ مزید 22 افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پراسیکیوٹر آفس کے مطابق گرفتار افراد بیرونِ ملک موجود داعش کے کارندوں سے رابطے میں تھے۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ یہ چھاپے ترکیہ میں داعش کے نیٹ ورکس کے خلاف جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ کی شام کے ساتھ تقریباً 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے، جہاں داعش اب بھی بعض علاقوں میں سرگرم سمجھی جاتی ہے۔

ترک سیکیورٹی ادارے ماضی میں بھی داعش سے مبینہ تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف متعدد کارروائیاں کر چکے ہیں۔

13 دسمبر کو ترکیہ کی وزارت خارجہ نے شام میں داعش کی جانب سے امریکی اور شامی افواج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترکیہ خطے میں استحکام اور سیکیورٹی مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب شام کے صدر احمد الشرع، جو ترک حکومت کے قریب سمجھے جاتے ہیں، اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ امریکا اور یورپ کے ساتھ مل کر داعش کے باقی ماندہ عناصر کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔

Read Comments