شائع 25 دسمبر 2025 05:53pm

سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 10 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کیے گئے دو آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن میں خوارج کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں میں ایک سرغنہ دلاور بھی شامل تھا، جس کی گرفتاری پر 40 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انسدادِ دہشت گردی مہم ’’عزمِ استحکام‘‘ پوری رفتار سے جاری ہے اور غیر ملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس سے قبل بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے ایک اور کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 دسمبر کو ضلع قلات کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فتنۃُ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی اور ایک خفیہ ٹھکانے کے استعمال کی اطلاعات تھیں۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مسلح دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے استعمال ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔

ہلاک دہشت گرد بھارتی اسپانسرڈ نیٹ ورک سے منسلک تھے اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

Read Comments