ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کو ’ہیڈ آف پاکستان‘ کہہ دیا
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’ہیڈ آف پاکستان‘ کہتے ہوئے ایک قابل احترام شخصیت قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی قیادت نے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
منگل کو فلوریڈا میں وزیرِ جنگ اور وزیرِ بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا کریڈٹ لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مداخلت کر کے ایک بڑی تباہی کو روکا اور اس عمل سے تقریباً ایک کروڑ افراد کی جانیں بچیں۔
ٹرمپ نے کہا: ”ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جوہری جنگ کو روکا۔ ہیڈ آف پاکستان، انتہائی معزز فیلڈ مارشل اور پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ٹرمپ نے 10 ملین جانیں بچائیں۔“
صدر ٹرمپ کے مطابق دنیا میں اب تک وہ آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ بھی شامل تھی۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی کے دوران طیارے گرائے جانے کا بھی ذکر کیا، تاہم اس حوالے سے اعداد و شمار میں اختلاف نظر آیا۔ انہوں نے مختلف مواقع پر چھ اور آٹھ طیارے گرنے کا ذکر کیا۔
پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے دفاعی شعبے سے متعلق اہم اعلانات بھی کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا سو گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز تیار کرے گا اور پندرہ نئی آبدوزیں بنائی جا رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق آبدوز سازی میں امریکا کسی بھی ملک سے پندرہ سال آگے ہے اور چین یا روس سمیت کوئی بھی ملک اس میدان میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آبدوزیں دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کے لیے خوف کا باعث بنیں گی۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت امریکی بحریہ کو دنیا کی طاقتور ترین بحریہ بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ان کے بقول، ایک دو سال پہلے جو ممالک امریکا پر ہنستے تھے، آج وہ امریکا کا احترام کرتے ہیں۔