شائع 22 دسمبر 2025 09:30pm

انڈر 19 ٹیم کی کامیابی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے: چیف آف ڈیفنس فورسز کی کھلاڑیوں سے ملاقات

چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی ہے، جس مین مارشل سید نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر قومی ٹیم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈر 19 ٹیم کی تاریخی فتح پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں بھارت کو ایشیا کپ کے فائنل میں شکست دے کر فاتح ٹرافی اٹھانے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ایشیا کپ مینز انڈر 19 جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ ٹیم کی نظم و ضبط، ٹیم ورک اور فائٹنگ اسپرٹ قابلِ تحسین ہے۔

سید عاصم منیر نے پاکستان ٹیم کی نظم و ضبط، ٹیم ورک اور جرات مندانہ کھیل کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی تاریخی فتح پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا، بھارت کو بدترین شکست

بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ مناسب نہیں تھا، سرفراز احمد

چیف آف ڈیفنس فورسز نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کی عکاس ہے۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھتے ہوئے مسلسل محنت جاری رکھیں اور میدان کے اندر و باہر ملک کے سفیر بن کر پاکستان کا نام روشن کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں، جن کی توانائی، صلاحیت اور کردار ملکی ترقی اور عالمی سطح پر وقار کے تعین میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

سید عاصم منیر نے نوجوان پاکستانیوں کو نظم و ضبط، دیانت داری اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کے لیے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے مزید محنت اور بہتر کارکردگی کا باعث بنے گا۔

Read Comments