انڈر 19 ایشیا کپ فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 1،1 کروڑ روپے کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے بھارت کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل جیتنے والی پاکستان ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے انڈر 19 ایشیا کپ ٹورنامنٹ جیتنے پر قومی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کیا گیا، شہباز شریف نے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے قومی انڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، بھارت کو بدترین شکست پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل خود دیکھا ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے۔
شہباز شریف نے کھلاڑیوں سے کہا کہ امید کرتاہوں کہ آپ کارکردگی کے تسلسل کوبرقرار رکھیں گے، آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے، چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں کہ تمام کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھاجائے ، تمام کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ میں سے بہت سے کھلاڑی کل پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے سمیرمنہاس کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور ان کو ہیرو قرار دیا۔ شہباز شریف نے محسن نقوی کو پی سی بی معاملات احسن طریقے سے چلانے پر مبارکباد دی۔
استقبالیے کے بعد کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے ہمراہ کھانہ بھی کھایا اور فرداً فرداً گپ شپ لگائی، کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر بھی وزیراعظم اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔
کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، مستقبل میں یہ نوجوان پلیئر ملک کا نام روشن کریں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ لڑکوں نے بھارت کو شکست دے کر قوم کی عزت میں اضافہ کیا، فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار اننگز کھیلی جبکہ ان کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔