شائع 22 دسمبر 2025 09:14am

ایک سال میں سب سے زیادہ 59 گول، ایمباپے نے رونالڈو کا ریکارڈ برابر کردیا

اسٹار فٹبالر کائلین ایمباپے نے ایک سال میں سب سے زیادہ 59 گول کر کے اپنے بچپن کے آئیڈیل کرسٹیانو رونالڈو کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ ایمباپے نے یہ کارنامہ سویلا کے خلاف اسپینش لیگ کے میچ میں انجام دیا۔ ایمباپے نے گول کرنے کے بعد رونالڈو کے جشن منانے کا انداز بھی کاپی کیا۔

فرانسیسی فٹبال اسٹار کائلین ایمباپے نے سال کے اختتام پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ریال میڈرڈ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔

21 دسمبر کو کھیلے گئے لا لیگا کے میچ میں ریال میڈرڈ نے سیویلا کو 0-2 سے شکست دی، جس میں ایمباپے کے آخری لمحات میں کیے گئے پنالٹی گول نے انہیں کیلنڈر ایئر میں ریال میڈرڈ کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو کے ریکارڈ کے برابر لا کھڑا کردیا۔

حیران کن طور پر یہ گول ایمباپے نے اپنی ستائیوسیں سالگرہ کے موقع پر کیا جو ہمیشہ کے لیے یادگار بن گیا۔ گول کرنے کے بعد انہوں نے اپنے بچپن کے آئیڈیل کرسٹیانو رونالڈو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا مشہور ’’سیو‘‘ جشن بھی منایا۔

ایمباپے ریال میڈرڈ کے ساتھ اپنے دوسرے سیزن میں ہیں، تاہم 2025 کا کیلنڈر ایئر اب تک ان کے کیریئر کا سب سے نمایاں باب بن چکا ہے۔ مسلسل گول اسکور کرنے کی رفتار، لیگ میچ میں فیصلہ کن کردار اور اب کلب کی تاریخ کا ایک ایسا ریکارڈ، جو اس سے قبل ایک لیجنڈ کے نام تھا، ایمباپے کو نمایاں مقام پر لے آیا ہے۔

میچ کے بعد کائلین ایمباپے نے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے جو کیا، وہی دہرانا یہ ناقابلِ یقین ہے۔ انہوں نے کرسٹیانو رونالڈو کو ریال میڈرڈ کی تاریخ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

ایمباپے کا کہنا تھا کہ جشن جان بوجھ کر اسی انداز میں منایا گیا کیونکہ رونالڈو ان کے بچپن کے آئیڈیل تھے اور وہ اس دن یہ لمحہ ان کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے تھے۔

Read Comments