ملزم کا پیچھا کرنے والے ایس ایچ او کی پرائیویٹ گاڑی سے ٹکر، شہری جاں بحق
سپرہائی وے نوری آباد کے قریب مبینہ طور پر ملزم کا پیچھا کرنے والے تھانے کے ایس ایچ او کی نجی گاڑی کی ٹکر سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا، جبکہ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا گیا اور پولیس افسر کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
سپرہائی وے نوری آباد کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں مبینہ طور پر ایک ایس ایچ او کی نجی گاڑی کی ٹکر سے ایک شہری جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق ایک پرائیویٹ گاڑی میں سوار ایس ایچ او نے ایک شہری کی گاڑی کا پیچھا کیا۔ بتایا گیا ہے کہ سادہ لباس میں موجود افراد نے شہری کو گاڑی روکنے کا اشارہ کیا، تاہم شہری نے انہیں ڈاکو سمجھتے ہوئے اپنی گاڑی کی رفتار تیز کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق اسی دوران سادہ لباس افراد کی گاڑی شہری کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار حمید موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ آصف نامی شہری زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود افراد مشتعل ہو گئے اور ایس ایچ او کو گھیرے میں لے لیا، جس کے باعث کچھ دیر کے لیے صورتحال کشیدہ رہی۔ اطلاع ملنے پر اضافی پولیس نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پایا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگہ نے نوری آباد کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ کن حالات میں پیش آیا اور ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔