برطانیہ میں بچی کی جان بچانے والے پاکستانی کے لیے انعام کا اعلان
برطانوی جج نے پاکستانی نوجوان عبداللہ تنولی کی بہادری کو سراہتے ہوئے 11 سالہ بچی کی جان بچانے پر نقد انعام دینے کا حکم دیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ سال اگست میں پیش آیا، جب عبداللہ نے ایک مسلح حملہ آور کے چاقو سے ماں اوربچی کو بچایا تھا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، جج نے عبداللہ تنولی کو ایک ہزار پاؤنڈ کا انعام دینے کا فیصلہ عوامی فنڈز سے کیا۔ جج نے مزید حکم دیا کہ حملہ آور پون پنٹارو کو ہائی سکیورٹی مینٹل ہاسپٹل منتقل کیا جائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عبداللہ اس وقت لیسٹر اسکوائر میں ایک دکان پر سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے، جب 11 سالہ بچی کی چینخوں کی آواز سن کر فورا مدد کے لیے پہنچ گئے اور حملہ آور سے بچی کو چھڑا لیا اور پولیس کے آنے تک اسے دیگر گارڈز کے ساتھ قابو کیے رکھا۔
واقعے کے بعد عبداللہ تنولی برطانیہ میں ایک ہیرو بن گئے ہیں۔ انہیں کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے اور اب نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مثال بن چکے ہیں۔