اوباڑو آپریشن کا پانچواں روز، کچے کے ڈاکوؤں پر ڈرون حملے
اوباڑو میں سندھ پنجاب سرحد کے کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن پانچویں روز بھی جاری رہا، جس دوران ڈرون کے ذریعے کی گئی کارروائی میں مزید تین خطرناک اور انعام یافتہ ڈاکو مارے گئے، جب کہ دو مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق اوباڑو کے کچے کے علاقے میں جاری مشترکہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی ایک کشتی کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں کشتی تباہ ہوگئی، جس کے باعث مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں دریا میں بہہ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کچہ جمال روجھان سے آپریشن ایریا میں محصور اپنے ساتھیوں کو ریسکیو کرنے کے لیے آ رہے تھے۔ کارروائی میں مارے گئے تمام ڈاکو خطرناک اور انعام یافتہ تھے۔
پولیس کے مطابق اب تک اس آپریشن میں مجموعی طور پر 9 ڈاکو ہلاک کیے جا چکے ہیں، جب کہ آپریشن کے دوران دو مغویوں کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے۔ بازیاب ہونے والوں میں ریاض احمد اور عمر آرائیں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔