فیصل آباد: مونگ پھلی اٹھا کر کھانے سے منع کرنے پر ریڑھی بان قتل
فیصل آباد میں معمولی بات پر ہونے والا جھگڑا خونی واقعے میں تبدیل ہو گیا، جہاں پیسے دیے بغیر مونگ پھلی اٹھا کر کھانے سے منع کرنے پر ایک گاہک نے فائرنگ کر کے ریڑھی بان کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ فیصل آباد کی ڈی ٹائپ کالونی میں پیش آیا۔ ملزم کی شناخت مدثر کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مبینہ طور پر پیسے دیے بغیر ریڑھی سے مونگ پھلی اٹھا کر کھائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مونگ پھلی فروش کی جانب سے منع کرنے پر ملزم طیش میں آ گیا اور فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ریڑھی بان موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بھائی زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد مقتول کے ورثا نے احتجاج کیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔