کراچی: ڈیفنس میں ڈاکوؤں کی بڑی واردات، لاکھوں کے موبائل فونز لے کر فرار
کراچی کے علاقے ڈیفنس بدر کمرشل کے قریب موبائل فون کی ایک دکان پر مسلح ڈاکوؤں نے بڑی واردات کرتے ہوئے قیمتی موبائل فونز لوٹ لیے۔ ڈاکو اسلحے کے زور پر دکان میں داخل ہوئے اور موبائل فونز سے بھرا ہوا کارٹن لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس بدر کمرشل کے قریب واقع موبائل فون کی دکان پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بولا اور اسلحے کے زور پر دکان میں موجود قیمتی موبائل فونز لوٹ لیے۔ واردات کے دوران ڈاکو موبائل فونز سے بھرا ہوا ایک کارٹن ساتھ لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق لوٹے گئے موبائل فونز کی مالیت چالیس سے پچاس لاکھ روپے کے درمیان بتائی جارہی ہے، تاہم متاثرہ تاجر نے دعویٰ کیا ہے کہ لوٹے گئے موبائل فونز کی مجموعی مالیت نوے لاکھ روپے سے زائد ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب ڈکیتی کے خلاف علاقے کے تاجروں نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے لوٹے گئے موبائل فونز برآمد کروائے جائیں۔