شائع 20 دسمبر 2025 08:57am

اوباڑو: کچے میں پولیس اور رینجرز کا آپریشن جاری، مزید 3 ڈاکو ہلاک

اوباڑو میں سندھ پنجاب سرحدی کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن مسلسل چوتھے روز بھی جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی پر ڈاکوؤں کی شدید مزاحمت سامنے آئی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کے مطابق اوباڑو کے کچے کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن بدستور جاری ہے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائی پر ڈاکوؤں نے شدید فائرنگ کی، جس کے جواب میں فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔

۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائی کے دوران مزید تین ڈاکو مارے گئے، جبکہ چار روز سے جاری مشترکہ آپریشن میں اب تک مجموعی طور پر چھ ڈاکو ہلاک ہو چکے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پولیس کے مطابق کچے کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن اور ٹارگیٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔

خیال رہے کہ 15 دمسبر کی شب سندھ کے ضلع گھوٹکی میں صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی بس پر ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا تھا، کچے کے ڈاکو بس سے 19 مسافروں کو اغوا کر کے لے گئے تھے، بعد ازاں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس سے ڈرائیور سمیت متعدد مسافر زخمی ہوئے۔

ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں پر ڈرون حملے بھی کیے گئے اور تمام مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا تھا۔

Read Comments