نو مئی کے مقدمات: شاہ محمود قریشی تاحال سزا سے محفوظ، کئی مقدمات میں بریت
پااکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے کسی بھی مقدمے میں اب تک سزا نہیں ہوئی۔ وہ مجموعی طور پر نو مقدمات میں نامزد ہیں، جن کی سماعت مختلف عدالتوں میں جاری ہے، جبکہ بعض مقدمات میں فیصلے آ چکے ہیں۔
نو مئی 2023 کو ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے ہونے والے احتجاج کے دوران مختلف مقامات پر پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ ان واقعات میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور سرکاری و عسکری تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد مختلف شہروں میں متعدد مقدمات درج کیے گئے۔
ان میں سے کئی مقدمات انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت بھی بنائے گئے، جبکہ شاہ محمود قریشی کو لاہور میں درج نو مقدمات میں نامزد کیا گیا۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نو مئی سے متعلق پانچ مقدمات کے فیصلے سنا چکی ہے۔
ان مقدمات میں شاہ محمود قریشی شادمان پولیس اسٹیشن اور راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ سمیت چار مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
جمعہ کو بھی جی او آر حملہ کیس میں عدالت نے انہیں بری کر دیا، جبکہ اسی مقدمے میں دیگر رہنماؤں کو سزائیں سنائی گئیں۔
دوسری جانب پراسیکیوشن نے شاہ محمود قریشی کی شادمان پولیس اسٹیشن کیس میں بریت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، جہاں اس معاملے پر سماعت جاری ہے۔ نو مئی سے متعلق مزید دو مقدمات کے فیصلے آئندہ چند دنوں میں متوقع ہیں۔
عدالتی کارروائی کے بعد یہ مقدمات قانونی مراحل سے گزر رہے ہیں، جبکہ آئندہ فیصلے ان کیسز کی سمت کا تعین کریں گے۔