شائع 19 دسمبر 2025 01:00pm

کولڈ پلے اسکینڈل تنازع میں ملوث خاتون نے بالآخر خاموشی توڑ دی

کبھی کبھی چند سیکنڈ کی غلطی انسان کی پوری زندگی پر حاوی ہو جاتی ہے۔ ایسا ہی ایک لمحہ 53 سالہ امریکی خاتون کریسٹن کیبوٹ کی زندگی میں آیا جب وہ کولڈ پلے کے ایک کنسرٹ “کس کیم” پر اپنے باس اینڈی بائرن کے ساتھ گلے ملتی اور بوسہ دیتی ہوئی دکھائی دیں، یہ منظر وہاں موجود شائقین کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو گیا اور چند ہی گھنٹوں میں دنیا بھر میں پھیل گیا۔

کریسٹن کیبوٹ ٹیک کمپنی ایسٹرونومر میں ہیومن ریسورسز کی سینئر پروفیشنل کے طور پر کام کر رہی تھیں اور اینڈی بائرن اسی کمپنی کے سی ای او تھے۔ کنسرٹ کے دوران وہ اسٹیڈیم کے نسبتاً پچھلے حصے میں بیٹھے تھے، جہاں کریسٹن کے مطابق انہیں لگا کہ وہ ہجوم میں گم ہیں اور کسی کی نظر ان پر نہیں ہے۔ اس ماحول میں، چند ڈرنکس لینے کے بعد، وہ اینڈی بائرن کے ساتھ رقص اور قربت کے لمحات میں مصروف رہیں اور اسی دوران “کس کیم” نے انہیں فوکس کر لیا۔

اس واقعے کے بعد پہلی بار سامنے آ کر کریسٹن کیبوٹ نے اعتراف کیا کہ اس رات انہوں نے غلط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈرنک کی تھی، وہ موسیقی اوروہاں کے ماحول میں بہہ گئیں اور انہوں نے سوچا کہ اسٹیڈیم کے اندھیرے حصے میں انہیں کوئی نہیں دیکھ رہا۔

کریسٹن نے وضاحت کی کہ اینڈی بائرن کے ساتھ اس رات کا بوسہ ان کے درمیان پہلا اور آخری بوسہ تھا اور اس سے پہلے ان کے درمیان ایسا کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کے مطابق دونوں بالغ تھے، اپنے شریکِ حیات سے الگ رہ رہے تھے اور اس وقت انہیں یہ احساس نہیں تھا کہ چند لمحے بعد وہ پوری دنیا کے سامنے آ جائیں گے۔

کریسٹن کہتی ہیں کہ لوگوں نے انہیں ایسے پیش کیا جیسے وہ اپنے باس کے ساتھ تعلقات بنا کر عہدہ اور طاقت حاصل کرنے کی کوشش کرتی رہی ہوں۔ انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہوم ریکر، گولڈ ڈگر اور نہ جانے کن کن ناموں سے پکارا جانے لگا، حالانکہ وہ خود کو ایک محنتی پروفیشنل کے طور پر دیکھتی ہیں جس نے اپنے کریئر میں بارہا نامناسب رویوں اور ہراسمنٹ سے خود کو بچایا۔

وہ کہتی ہیں کہ لوگ ان کی برسوں کی پروفیشنل کامیابیاں بھول گئے اور انہیں محض سب سے بدنام ایچ آر مینیجر کے طور پر یاد رکھنے لگے، یہاں تک کہ انہیں اپنی نوکری چھوڑنی پڑی اور ذاتی زندگی بھی طلاق تک جا پہنچی۔

کریسٹن، جو دو بچوں کی ماں ہیں، چاہتی ہیں کہ ان کے بچے یہ سمجھیں کہ انسان غلطیاں کرتے ہیں، مگر ایک غلطی کسی کی مکمل شناخت نہیں ہونی چاہیے۔ وہ خود کو کوئی مشہور شخصیت نہیں بلکہ ایک عام ماں قرار دیتی ہیں، جو نہیں چاہتی کہ دنیا اسے ہمیشہ اسی ایک لمحے کے ساتھ جوڑ کر یاد رکھے۔

Read Comments