شائع 19 دسمبر 2025 10:48am

اُدھار دینے سے انکار کیوں کیا؟ جھنگ میں سی سی ڈی اہلکار کا دکان دار پر تشدد

جھنگ میں ایک سی سی ڈی اہلکار نے ادھار دینے سے انکار کرنے پر دکان دار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پسٹل تان کر دھمکیاں دیں۔ ملزم نے متاثرہ شہری ایوب کلاسن کا موبائل فون بھی چھین لیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔ متاثرہ شہری نے تھانہ کوتوالی میں درخواست دے کر ملزم کے خلاف کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جھنگ کے علاقے میں ایک شہری کے ساتھ سی سی ڈی اہلکار کی مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کے مطابق دکان دار ایوب کلاسن نے ادھار دینے سے انکار کیا، جس پر قاضی حیدر نامی سی سی ڈی اہلکار نے غصے میں آ کر دکان دار پر تشدد کیا۔

گواہوں کے مطابق، قاضی حیدر نے پسٹل تان کر دکان دار کو دھمکیاں دی اور اس کا موبائل فون چھین لیا۔ دکان کی سی سی ٹی وی کیمروں میں یہ واقعہ واضح طور پر ریکارڈ ہو گیا ہے، جس سے اہلکار کے تشدد اور دھمکیوں کے مناظر سامنے آئے ہیں۔

۔

متاثرہ شہری ایوب کلاسن نے تھانہ کوتوالی میں درخواست جمع کرائی ہے اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ابھی تک ملزم کے خلاف گرفتاری یا قانونی کارروائی کی تفصیلات منظرعام پر نہیں آئیں۔

شہریوں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے تحت ہر شہری کا حق ہے کہ وہ بغیر خوف کے اپنا کاروبار اور ذاتی اثاثے محفوظ رکھ سکے۔

Read Comments