شائع 19 دسمبر 2025 09:41am

صدر نے معزول جج طارق جہانگیری کو باضابطہ طور پر ڈی نوٹیفائی کردیا

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزارتِ قانون و انصاف نے معزول جج کو باضابطہ طور پر ڈی نوٹیفائی کر دیا۔

ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدرِ مملکت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دی۔ وزارتِ قانون و انصاف نے اس منظوری کے بعد جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے سے ہٹانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈگری کیس سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بطور جج تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا مؤقف تھا کہ جسٹس طارق جہانگیری کی تقرری قانون اور آئینی تقاضوں کے مطابق نہیں تھی۔

یہ فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سنایا۔ عدالتی حکم میں وفاقی وزارتِ قانون و انصاف کو ہدایت کی گئی تھی کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تقرری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ڈی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

عدالتی فیصلے کے بعد وفاقی حکومت نے آئینی طریقہ کار کے تحت صدرِ مملکت سے منظوری حاصل کی، جس کے بعد ڈی نوٹیفکیشن کا عمل مکمل کیا گیا۔ وزارتِ قانون کے مطابق تمام اقدامات اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈی نوٹیفکیشن کے بعد جسٹس طارق محمود جہانگیری اب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج نہیں رہے اور عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے ججز کا نیا اور نظرثانی شدہ ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس نئے روسٹر میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کا نام شامل نہیں کیا گیا، جس کے بعد وہ اب کسی بینچ کا حصہ نہیں رہے۔

عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس طارق جہانگیری کی عدالت میں آج کے لیے مقرر تمام مقدمات کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ یہ مقدمات اب جلد ہی سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کے دیگر بینچز کو منتقل کیے جائیں گے، تاکہ عدالتی کارروائی متاثر نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق کیسز کی نئی تاریخیں اور متعلقہ بینچز کا تعین رجسٹرار آفس کی جانب سے علیحدہ کاز لسٹس کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس ضمن میں وکلا اور فریقین کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی نئی سینیارٹی لسٹ بھی جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیارٹی لسٹ کا اجرا حالیہ عدالتی فیصلوں اور انتظامی تبدیلیوں کی روشنی میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے انتظامی امور میں اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جن کے بعد ڈیوٹی روسٹر اور سینیارٹی لسٹ پر نظرثانی کی گئی۔ عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات قانون اور عدالتی احکامات کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔

Read Comments