اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2025 09:20am

امریکا کا تاریخی دفاعی بل منظور، یوکرین اور وینزویلا شقوں پر ٹرمپ کو جھٹکا

امریکی سینیٹ کی جانب سے 901 ارب ڈالرز کے ریکارڈ دفاعی بجٹ بل کی منظوری دے دی گئی ہے۔ بل کے حق میں 77 جبکہ مخالفت میں 20 ووٹ آئے۔ منظوری کے بعد دفاعی بل دستخط کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بل میں یوکرین کے لیے آئندہ دو سال کے دوران 800 ملین ڈالرز کی فوجی امداد کی فراہمی بھی شامل ہے۔ یہ رقم یوکرین سیکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو کے تحت خرچ کی جائے گی، جس کے ذریعے امریکی کمپنیوں سے یوکرین کی فوج کے لیے اسلحہ خریدا جاتا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق منظور شدہ دفاعی بجٹ میں امریکی فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافہ اور رہائشی سہولیات میں بہتری کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

رائٹرز کے مطابق شق کے تحت امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے سفری بجٹ کا ایک حصہ روکا جا سکتا ہے، اگر وہ جنوبی کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں کشتیوں پر کیے گئے فوجی حملوں کی بغیر ترمیم شدہ ویڈیوز کانگریس کو فراہم نہ کریں۔ ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق یہ حملے وینزویلا کے منشیات اسمگلروں کے خلاف کیے گئے ہیں۔

سینیٹ میں ووٹنگ ایک دن بعد ہوئی جب صدر ٹرمپ نے وینزویلا آنے جانے والے تمام پابندیوں کے شکار آئل ٹینکروں کی ناکہ بندی کا حکم دیا تھا جو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت پر دباؤ بڑھانے کا قدم تھا۔

دفاعی بجٹ میں اسرائیل کے دفاعی پروگرامز کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے جن میں آئرن ڈوم سسٹم سمیت مشترکہ میزائل دفاعی منصوبوں کے لیے فنڈز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بل میں شام کے سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے دور میں عائد کی گئی سیزر پابندیوں کے خاتمے کی شق بھی شامل ہے۔

دفاعی بجٹ بل میں چین سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے اور انڈو پیسیفک خطے میں امریکی مشنز کی کامیابی کو یقینی بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تائیوان سیکیورٹی کوآپریشن انیشی ایٹو کے لیے 11 بلین ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

یہ قانون امریکی محکمہ دفاع کو اس بات کی اجازت بھی دیتا ہے کہ وہ مشرقی یورپ میں امریکی فوجی تعیناتی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے نیٹو اتحادیوں سے فنڈز وصول کر سکے۔

بل کے تحت امریکی یورپی کمانڈ (یوروکام) کے کمانڈر کو ہر سال اس بات کا جائزہ لینے کا پابند کیا گیا ہے کہ امریکہ اور نیٹو روس کے خلاف اپنی تقابلی فوجی برتری کس حد تک برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

مزید برآں، بل میں یہ شرط بھی شامل ہے کہ یورپ میں امریکی فوجیوں کی تعداد 76 ہزار سے کم کرنے سے قبل پینٹاگون کو امریکی سلامتی پر اس کے ممکنہ اثرات کا باقاعدہ جائزہ لینا ہوگا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ بجٹ ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور اتحادی ممالک کی مدد کے لیے اہم قدم ہے۔

Read Comments