شائع 17 دسمبر 2025 04:13pm

نتیش کمار کے حجاب کھینچنے پر شدید ذہنی صدمہ، خاتون ڈاکٹر کا ملازمت سے انکار

بھارتی ریاست بہار کی شہر پٹنہ تعلق رکھنے والی ڈاکٹر نصرت پروین نے حال ہی میں ملنے والی سرکاری ملازمت جوائن نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ اس واقعے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر کا حجاب ہٹاتے دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔

وائر نیوز کے مطابق ڈاکٹر نصرت پروین، جنہیں حال ہی میں آیورویدک محکمے میں تقرری کا لیٹر موصول ہوا تھا، نے سرکاری ملازمت اختیار نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کے بھائی نے بتایا کہ اگرچہ خاندان کے تمام افراد، بشمول وہ خود، ڈاکٹر نصرت کو فیصلہ تبدیل کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

ڈاکٹر کے بھائی، جو کولکتہ میں ایک سرکاری لا یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں، نے بتایا کہ ہم انہیں سمجھا رہے ہیں کہ یہ قصور دوسرے شخص کا ہے، اس کی سزا خود کو نہیں دینی چاہیے، مگر وہ اس وقت شدید ذہنی دباؤ میں ہیں۔

ڈاکٹر نصرت پروین کو 20 دسمبر کو سرکاری سروس جوائن کرنا تھی۔ ان کے شوہر ایک کالج میں کلینیکل سائیکالوجسٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو سمودھان تقریب کے دوران ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب نیچے کرتے دیکھا گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خاص طور پر خواتین صارفین نے اس عمل کو نامناسب قرار دیا۔

آر جے ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’یہ نتیش جی کو کیا ہو گیا ہے؟ کیا ان کی ذہنی حالت مکمل طور پر خراب ہو چکی ہے یا نتیش بابو اب سو فیصد ذہنی مریض بن چکے ہیں؟‘

کانگریس پارٹی نے بھی وزیر اعلیٰ کے طرز عمل پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے ایکس پر لکھا کہ ایک خاتون ڈاکٹر تقرری لیٹر لینے آئی تھی اور وزیر اعلیٰ نے ان کا حجاب ہٹا دیا، جو انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔

واضح رہے کہ واقعے کو ایک دن سے زائد وقت گزرنے کے باوجود وزیر اعلیٰ نتیش کمار، ان کی جماعت یا بہار حکومت کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Read Comments