دھند کے باعث حادثہ، 3 افراد جاں بحق 15 زخمی، موٹرویز بند
پنجاب کے شہر صادق آباد میں جمالدین والی ائرپورٹ کے قریب شدید دھند کے باعث ایک بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہو گئے۔ دھند کے باعث متعدد موٹرویز بند کردیے گئے ہیں۔
صادق آباد میں پیش آئے حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے اور موٹروے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت کئی موٹرویز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم تھری درخانہ سے رجانہ تک، موٹروے ایم فور خانیوال سے ملتان اور شورکوٹ سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک بند ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے کیونکہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کے اوقات کو ترجیح دیں۔ ان کے مطابق دھند میں صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔
ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے استعمال، آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے اور لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی خشک سردی کا راج رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین نے خشک اور سرد موسم کے باعث نزلہ، زکام اور دیگر موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے اور شہریوں کو سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب لباس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔