دھرندھر کے بعد ’پاکستان میں ناکام را ایجنٹ‘ کی ریلز وائرل
بولی ووڈ کی ایکشن اور مار دھاڑ سے بھر پور فلم ’دھُرندھر‘ نے سنیماگھروں میں دھوم مچانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی میمز اور مزاحیہ ویڈیوز کا طوفان برپا کر دیا ہے۔
پانچ دسمبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے بھارتی باکس آفس پر 350 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرلیا ہے اور دنیا بھر کے مداحوں اور سلیبریٹیز کی بھی توجہ حاصل کی ہے۔ اداکار رنویر سنگھ، اکشے کھنہ، ارجن رامپال اور سنجے دت جیسے اے لسٹ بولی ووڈ اداکاروں کی موجودگی نے اس فلم کو ایک بلاک بسٹر ہٹ فلم بنا دیا ہے۔
’دھرندھر‘ پروپیگنڈے کے مقابلے میں پاکستان کا فلم ’میرا لیاری‘ جلد ریلیز کرنے کا اعلان
تاہم، ’دھُرندھر‘ کے مداحوں اور انفلوئنسرز نے اس فلم میں رنویر سنگھ کے ادا کردہ کردار ”حمزہ علی مزاری“ کو ایک نئے روپ میں دکھانے کی کوشش کی ہے۔
ان ویڈیوز میں حمزہ علی مزاری کو ایک ”ناکام را ایجنٹ“ کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ کئی ویڈیوز میں پاکستان میں را ایجنٹ کا پہلا دن دکھایا گیا ہے، جہاں ان کا رویہ یا تو بھارتی ثقافت سے جڑا ہوتا ہے یا پھر پاکستانی معاشرتی روایات سے ہٹ کر ہوتا ہے۔
ایک ویڈیو میں انفلوئنسر پاکستانی چائے کے اسٹال پر چائے پیتا ہے اور پھر ادائیگی کے وقت ”اسکینر“ مانگتا ہے، جو پاکستان کی معیشت اور بھارت کی ٹیکنالوجی کی ترقی کا دلچسپ موازنہ پیش کرتا ہے، کیونکہ بھارت میں چھوٹے اسٹالز پر بھی کیو آر کوڈز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔
ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والی انکیتا سہگل نے اتوار کو ایک مزاحیہ ریل شیئر کی، جس میں وہ ایک پاکستانی بزرگ خاتون سے بات کرتی ہیں۔ جب وہ انہیں بریانی پیش کرتی ہیں تو انکیتا انہیں ادب سے انکار کر دیتی ہیں اور بتاتی ہیں کہ وہ ایکادشی کے روز چاول نہیں کھاتیں، جو کہ ہندوؤں میں ایک معروف مذہبی رسم ہے۔
ایک اور ویڈیو میں حمزہ علی مزاری کو رحمان ڈکیت (اکشے کھنہ) سے ملتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور جب ان کا تعارف کرایا جاتا ہے تو وہ ’السلامُ علیکم‘ کہنے کے بعد فوراً ان کے قدموں کو چھو لیتے ہیں، جو کہ ہندو ثقافت میں بزرگوں کے لیے عزت کا اظہار ہوتا ہے۔
پاکستان مخالف پروپیگنڈا: بولی وڈ فلم ’دھرندھر‘ پر چھ خلیجی ممالک میں پابندی
ایک اور مزاحیہ ویڈیو میں ایک انفلوئنسر اپنے را ایجنٹ کے کردار میں پاکستانی ریستوران میں بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے بھارت کے مشہور شو ‘تارک مہتا کا الٹا چشمہ’ دیکھ رہے ہیں، جس سے بھارتی کلچر کا شوق ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس طرح کی مزید دلچسپ اور مزاحیہ ویڈیوز پھیل چکی ہیں، جنہیں دیکھ کر ہنسی کو روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ان ویڈیوز سے نہ صرف مداح محظوظ ہورہے ہیں ، بلکہ ’دھُرندھر‘ کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔