انڈر 19 ایشیا کپ: بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 90 رنز کے بڑے مارجن سے شرمناک شکست
انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 240 رنز بنائے، جواب میں پاکستانی ٹیم 150 رنز ہی بناسکی۔
آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں اتوار کے روز ایونٹ کے پانچویں میچ میں بارش کے باعث ٹاس ایک گھنٹے تاخیر سے ہوا، جس کے بعد میچ 49 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم 240 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور قومی ٹیم کو فتح کے لیے 241 رنز کا ہدف ملا۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ 49 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے۔ آیوش مہاترے 38، ویبھو سوریاونشی 5، ویہان ملہوترا 12 اور ویڈانت ترویدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ابھیگیان کنڈو نے 22، آرون جارج نے 85، کھیلان پٹیل نے 6، کنشک چوہان نے 46 جبکہ ہینل پٹیل نے 12 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد صیام اور عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نقاب شفیق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کے 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو 8 ویں اوور کی پہلی گیند پر 21 کے اسکور پر اوپنر سمیر منہاس اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔ جس کے بعد یکے بعد دیگرے 30 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
حذیفہ حسن 70، فرحان یوسف 23 اور عثمان خان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی پاکستانی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 42ویں اوورز میں 150 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن کنیشک چوہان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ کشن سنگھ نے 2 جبکہ کِھلن پٹیل اور وبھیوا سویاونشی نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں افتتاحی میچز میں بڑی فتوحات سمیٹی ہیں۔ پاکستان نے ملائیشیا کو 297 رنز جبکہ انڈیا نے یو اے ای کو 234 رنز سے شکست دی تھی۔