شائع 14 دسمبر 2025 09:41am

ایلون مسک کی ’عورت‘ کی تشریح نے تنازع پیدا کردیا

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کو عورت سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑ گیا جس پر اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹیسلا سربراہ ایلون مسک نے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ عورت ہونے کی تعریف خالصتاً حیاتیاتی بنیاد پر ہونی چاہیے، اور اس کا تعین رحم کی موجودگی سے ہوتا ہے۔

ایلون مسک نے لکھا کہ اگر آپ کے پاس رحم ہے تو آپ عورت ہیں، بصورت دیگر آپ عورت نہیں ہیں۔

یہ پوسٹ چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہو گئی اور صارفین کے درمیان شدید بحث کا باعث بن گئی۔ مسک کے حامیوں نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صنفی شناخت سے متعلق گفتگو میں حیاتیاتی تعریفوں کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے۔

ایکس پر ایک صارف نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر یقین نہیں کر سکتا کہ ہم ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں ایسی باتوں کو بھی واضح کرنا پڑ رہا ہے، جس پر ایلون مسک نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا، واقعی!

ایک اور صارف نے مسک کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے اسے حیاتیاتی طور پر غلط قرار دیا اور ایم آر کے ایچ سنڈروم (میئر-روکیتانسکی-کوسٹر-ہاؤزر سنڈروم) کا حوالہ دیا۔ یہ ایک نایاب طبی کیفیت ہے جس میں بعض خواتین پیدائشی طور پر رحم کے بغیر یا نامکمل رحم کے ساتھ پیدا ہوتی ہیں۔

دوسری جانب، ایک تیسرے تبصرہ نگار نے ایلون مسک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے امیر ترین شخص کا بنیادی حیاتیات کی وضاحت کرنا، اور پھر اس وضاحت کا تعلیم یافتہ سمجھے جانے والے افراد میں بھی متنازع بن جانا، عجیب لمحے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس صارف کے مطابق یہ تبادلہ خیال انسانیت کی ٹائم لائن پر بطور علامت محفوظ کیے جانے کے قابل ہے۔

یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل ایلون مسک نے اپنی ٹرانس جینڈر بیٹی کی جنس کی تبدیلی کو ایک ذہنی بیماری قرار دیا تھا۔

ایلون مسک نے اپنی نئی سیاسی جماعت ’امریکا پارٹی‘ لانچ کردی

یہ بیان ایک ڈیموکریٹ سیاستدان کی جانب سے کیے گئے طنزیہ تبصرے کے جواب میں دیا گیا تھا، جس کا ہدف دنیا کے امیر ترین شخص تھے۔

یہ سب معاملہ اس وقت اٹھا جب کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید ٹرانس بچوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایسا کوئی گورنر نہیں آیا جس نے مجھ سے زیادہ اس معاملے پر قانون سازی کی ہو۔

بعد ازاں، گورنر نیوسم کے دفتر نے اس انٹرویو کا ایک کلپ دوبارہ پوسٹ کیا اور ایلون مسک کو نشانہ بناتے ہوئے ایک طنزیہ کیپشن شامل کیا، جس میں لکھا گیا تھا کہ ہمیں افسوس ہے کہ آپ کی بیٹی آپ سے نفرت کرتی ہے، ایلون۔

Read Comments