پاک فوج تمام چیلنجز اور انتہا پسند نظریات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے: ڈیفنس فورسز چیف
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے گیریژنز کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز اور جدید سیمولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا اور فارمیشن کے پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کو سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جدید جنگی ماحول میں ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی بے حد اہم ہے۔ آج کی جنگ میں تیزی، درستگی، حالات کا بروقت ادراک اور فوری فیصلے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سخت، منظم اور مشن پر مبنی تربیت ہی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے کی ضامن ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاک فوج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار اور متحرک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے ہائبرڈ مہمات، انتہا پسند نظریات اور ایسے عناصر جو قومی استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان سب کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل گوجرانوالہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔ یہ دورہ مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ معیار اور قومی دفاع کے حوالے سے جاری کوششوں کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔