شائع 12 دسمبر 2025 09:18pm

پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب: ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹرز اور پنجاب حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا کردیا ہے۔

جمعے کو پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں مذاکرات اور ہڑتال ختم کرنے پر اتفاق ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندے شامل ہوں گے، ہفتہ کو ٹرانسپورٹرز اور صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے درمیان کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔

مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا جب کہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے مرکزی صدر حاجی شیر علی چوہدری اور دیگر عہدیداروں نے مصالحتی قرارداد پر دستخط بھی کردیے۔

سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹرانسپورٹرز کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے، حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے حالات بہتر بنانا ہے۔

مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے دیگر نمائندے محمد ریاض خان تاجک، چوہدری مقبول حسین، رانا طارق مشتاق، ملک اعجاز، ملک معروف، سیف شاہ دین گجر، فیصل بشیر بھٹی، ملک جاوید اور حاجی پرویز اعوان بھی شریک تھے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز ہڑتال کے معاملے پر 3 دھڑوں میں تقسیم

قبل ازیں گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کے معاملے میں نیا رخ سامنے آگیا ہے، جہاں ملک گیر ٹرانسپورٹرز تین دھڑوں میں تقسیم ہو گئے ہیں۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نبیل محمود طارق نے حکومت سے معاملات طے پا نے اورہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

جعمے کو گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز کی قیادت 3 مختلف گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔ اس صورت حال میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نبیل محمود طارق نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کے دھڑے نے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نبیل محمود طارق کے مطابق حکومت کے ساتھ مختلف امور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، جس کے بعد ہڑتال جاری رکھنے کی ضرورت نہیں رہی۔ تاہم دیگر دھڑوں نے ہڑتال کے حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کے باعث ملک بھر میں سامان کی ترسیل متاثر تھی، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موجودہ اعلان کے بعد صورتحال میں بہتری کی امید کی جارہی ہے۔

Read Comments