شائع 12 دسمبر 2025 05:42pm

الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے تحت ووٹنگ 24 جنوری 2026 کو ہوگی جب کہ نامزدگی اور جانچ پڑتال سمیت تمام مراحل کی تاریخیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 24 جنوری 2026 کو ہوگی۔ شیڈول کے تحت امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی 15 دسمبر تک جمع کرا سکیں گے جب کہ ان کاغذات کی جانچ پڑتال 23 سے 30 دسمبر تک کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 3 جنوری 2026 تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ انتخابی ٹربیونل ان اپیلوں پر فیصلہ 10 جنوری تک کرے گا، جس کے بعد 11 جنوری کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔

شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ امیدوار 12 جنوری کو اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کے مجاز ہوں گے جب کہ انتخابی نشانات 13 جنوری تک جاری کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے انتخابات کے سلسلے میں تمام اضلاع کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آراوز) کی تقرری بھی کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت کے لیے امیر حمزہ، اسکردو کے لیے خورشید احمد، دیامر کے لیے سہیل احمد خان، اور غذر کے لیے لقمان حکیم کو ڈی آراو مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ استور میں منہاج علی راجہ، ہنزہ میں ڈپٹی کمشنر نظام الدین، نگر میں منحس حسین، گانچھے میں محمد اسحاق، کھرمنگ میں محمد شریف (ایڈیشنل سیشنز جج)، جبکہ شگر کے لیے منظور حسین کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر تعینات کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق منعقد کیا جائے گا جب کہ تمام اضلاع میں انتخابی انتظامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

Read Comments