شائع 12 دسمبر 2025 09:26am

ڈونلڈ ٹرمپ روس اور یوکرین کے رویے سے ناخوش ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے حالیہ رویّے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کے غیر سنجیدہ طرزِ عمل کے باعث جنگ بندی اور امن مذاکرات کی کوششیں فی الحال آگے نہیں بڑھ سکتیں۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ اگر روس اور یوکرین کے درمیان کسی قابلِ عمل اور حقیقی امن معاہدے کے امکانات پیدا ہوتے ہیں، تو صدر ٹرمپ اس ہفتے کے اختتام پر یورپ میں ہونے والی یوکرین سے متعلق بات چیت کے لیے اپنا ایک نمائندہ بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ اس جنگ کے دونوں فریقین سے مایوس ہیں، کیونکہ ان کے مطابق محض تصویری ملاقاتیں یا علامتی مذاکرات اب کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس کا مقصد صرف مذاکرات کا تاثر دینا ہو، مگر عملی پیش رفت نہ ہو۔

ایک سوال کے جواب میں کیرولین لیویٹ نے کہا کہ امریکی صدر چین اور جاپان کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔

ان کے مطابق جاپان امریکہ کا عظیم اور قابلِ اعتماد اتحادی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ذاتی تعلقات کے ساتھ ساتھ تجارتی تعاون کی طویل تاریخ بھی موجود ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ خطّے میں استحکام کا خواہاں ہے اور عالمی سفارتی امور میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم روس اور یوکرین کو بھی امن کی سمت سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

Read Comments