’خوبصورت چہرہ، مشین گن جیسے ہونٹ‘: ٹرمپ کی اپنی پریس سیکریٹری کی انوکھی تعریف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینسلوینیا میں انتخابی ریلی کے دوران اپنی وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کی ظاہری تعریفیں کرتے ہوئے ایسا بیان دیا جو میڈیا میں بحث کا موضوع بن گیا۔ ٹرمپ نے تقریر کے دوران انہیں ’خوبصورت چہرہ‘ اور ’مشین گن کی طرح نہ رکنے والے ہونٹ‘ قرار دیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق پینسلوینیا میں اقتصادی کارکردگی سے متعلق اپنی تقریر کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک اپنی 28 سالہ پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کی تعریفیں شروع کر دیں۔ ٹرمپ نے ہجوم سے پوچھا، ’’کیا کیرولین زبردست نہیں؟‘‘ جس پر مجمع نے تالیاں بجائیں۔
اس کے بعد ٹرمپ نے لیویٹ کی ٹی وی پر کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’جب وہ ٹی وی پر جاتی ہے، خاص طور پر فاکس پر… جب وہ اس خوبصورت چہرے اور ان ہونٹوں کے ساتھ آتی ہے جو رکنے کا نام نہیں لیتے، بالکل مشین گن کی طرح…‘
ٹرمپ نے مزید کہا کہ لیویٹ بےخوف ہیں کیونکہ ان کی ٹیم کی پالیسیاں مضبوط ہیں، اور انہیں ایسے مسائل کا دفاع نہیں کرنا پڑتا جیسے ’مردوں کا خواتین کی اسپورٹس میں حصہ لینا ‘ یا ’’اوپن بارڈر پالیسی‘۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ماضی میں بھی نیوز میکس کے ایک انٹرویو میں لیویٹ کے بارے میں اسی قسم کے جملے استعمال کیے تھے، جن میں انہوں نے کہا تھا ’یہ چہرہ، یہ دماغ، یہ ہونٹ… یہ ایسے چلتے ہیں جیسے مشین گن ہو۔‘
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان سے بہتر پریس سیکریٹری کسی صدر کے پاس نہیں رہی۔
کیرولین لیویٹ ٹرمپ کی پہلی انتظامیہ میں 2019 سے 2021 تک اسسٹنٹ پریس سیکریٹری رہ چکی ہیں۔ کانگریس کے انتخاب میں ناکامی کے بعد وہ 2025 میں وائٹ ہاؤس واپس آئیں اور امریکی تاریخ کی کم عمر ترین پریس سیکریٹری بنیں۔ وہ ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت کی پہلی پریس سیکریٹری ہیں۔
یاد رہے کہ لیویٹ شادی شدہ ہیں اور ایک بیٹے کی والدہ بھی ہیں۔